مکہ: سعودی عرب میں اسکول کے باہر اپنی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے باپ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک دلخراش ویڈیو زیر گردش تھی جس میں ایک شخص کو اسکول کی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بناکر گاڑی میں بٹھاتے اور گھر لے جاتے دیکھا جا رہا ہے جس پر صارفین نے پولیس سے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے سزا دلوانے کا مطالبہ کیا تھا۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مکہ سے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا، یہ شخص طالبہ کا والد ہے اور بچی کو اسکول سے گھر لے جانے کے لیے آیا تھا۔ مقدمہ درج کرکے شہری سے تفتیش کا عمل جاری ہے جب کہ سماجی بہبود کی وزارت کو متاثرہ بچی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
پولیس نے والد کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بچی کا بیان قلم بند کرنے اور اہل خانہ کی رضامندی کے بعد ہی شناخت ظاہر کی جا سکے گی اور باقاعدہ مقدمہ چلایا جاسکے گا۔