سعودی عرب مشن 2030 کی جانب تیزی سے گامزن ہے، فٹبال کے بعد ٹینس میں بھی بڑا قدم اٹھالیا۔ سعودی فیڈریشن نے اسپینش اسٹار رافیل نڈال کو سفیر مقرر کردیا۔ معاہدے کے تحت رافیل نڈال اکیڈمی قائم کی جائے گی جہاں بچے ٹینس کھیلنا سیکھیں گے۔
ٹینس کی دنیا کے بےتاج بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال کو سعودی ٹینس فیڈریشن نے اپنا سفیر مقرر کردیا ہے۔ معاہدے کے تحت اسپینش اسٹار سعودی عرب میں ٹینس کے کھیل کی ترقی اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس بات کا اعلان سعودی ٹینس فیڈریشن نے ریاض میں ہونے والے جونیئر ٹینس کلینک میں کیا۔ ایونٹ میں شرکت کےلیے رافیل نڈال خصوصی شرکت طور پر پہنچے۔
22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن طویل مدت تک سعودی عرب میں نئی نسل کے ایتھلٹس میں کھیل کے شوق کو ابھاریں گے۔
سعودی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رافیل نڈال اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی، جہاں بچے اپنے ہیرو کی موجودگی میں ٹینس کھیلنے کا خواب پورا کرسکیں گے۔
پروگرام کے تحت اسپینش سپر اسٹار سعودی عرب میں ہر سال کچھ عرصے قیام کریں گے اور رافیل نڈال اور ان کے کوچنگ اسٹاف سعودی قومی ٹیم اور کوچز کو ٹینس کی آگاہی فراہم کریں گے