سعودی عرب کے محکمہ کسٹم نے نافذ ہونے والی جنرل اتھارٹی آف زکات اینڈ ٹیکس (جی اے زیڈ ٹی) کے مشروط شرائط کے مطابق ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر اپنے اہلکاروں کو مسافروں کے حوالے سے نئی تحریری ہدایت جاری کی ہے۔
ہدایت نامے میں بتایا گیا کہ مسافر سگریٹ کے کتنے پیکٹ سعودی عرب اپنے ہمراہ لاسکتا ہے؟
محکمہ کسٹم کی ہدایات کے مطابق سعودیہ آنے والا مسافر 200 سگریٹ اپنے ہمراہ لاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ تمباکو کا ایک ڈبہ یا نصف کلو حقے کا تمباکو لاسکتا ہے یا 24 سگار اپنے ساتھ لا سکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ’اگر کسی مسافر کے پاس 200 سگریٹ سے زیادہ یا تین کلو سے زیادہ حقے کا تمباکو پایا گیا تو ایسی صورت میں مقررہ حد سے زیادہ پیکٹ اور تمباکو ضبط کرلیا جائے گا۔ نئے قواعد کے تحت کسٹم ڈیوٹی مقررہ مقدار کے حوالے سے وصول کی جائے گی ۔
خیال رہے کہ اس ضابطے پر عمل درآمد 16 جنوری 2020 سے شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سعودی کسٹم حکام کی جانب سے وا ضح کیا گیا کہ الیکٹرانک سگریٹ اور ان میں استعمال ہونے والی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا، اور شوگر ڈرنکس پر 50٪ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب پہلے ہی سگریٹ اور تمباکو کی مصنوعات پر 100٪ ٹیکس ، انرجی ڈرنکس پر 100٪ ٹیکس اور دیگر مشروبات پر 50٪ ٹیکس لگا چکا ہے ۔