سعودی حکومت کی عمرہ زائرین سمیت غیرملکیوں کو 72 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت


کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے یورپی یونین سمیت 12 نئے ممالک پر سفری پابندی عائد کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر عمرہ زائرین اور وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کردی۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ داخلہ نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے تمام رہائشی ، اقامہ ہولڈراور عمرہ زائرین کو واپسی کے لیے 72 گھنٹے دیے ہیں جس کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کردی ہے۔

سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے، پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پہلی پرواز پی کے 763/764 اتوار کو اسلام آباد سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔ ہفتے کو پرواز پی کے 717/718  کراچی سے مدینہ منورہ اور پی کے 767/768 کراچی سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ جان کا کہنا ہے ضرورت کے مطابق پروازوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، تمام مسافر حضرات جو پابندی کی وجہ سے سفر کرنا چاہتے ہوں فوری طور پر پی آئی اے کے دفاتر سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب پاکستان میں سعودی عرب کے سفارخانے نے کہا ہے کہ کروناوائر س کے باعث سعودی حکومت نے عارضی طور پر اپنے شہریوں اورغیرملکی مقیم افراد کے سفر پر پابندی لگادی ہے، سعودی شہری یا کارآمد اقامہ ہولڈر رکھنے والوں کو  واپس سعودی عرب آنے کی مہلت دینے کے لیے فیصلے میں 72گھنٹوں کی چھوٹ دی گئی ہے، متعدد ممالک کی پروازیں بند کردی ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے، کسی بھی ایمرجنسی سفر کی صورت میں وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے انسانی ہمدردی کے بنیاد پر رجوع کیاجاسکتاہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مملکت کی جانب سے پہلے ہی پڑوسی عرب ریاستوں سمیت 19ممالک پر سفری پابندیاں ہیں جن کے دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے، حالیہ فیصلے میں یورپی یونین کے ممالک کے علاوہ سوئٹزر لینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان، ایریٹیریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ پر بھی سفری پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔

حالیہ فیصلے میں فلپائن اور بھارت سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ ورکرز کو استثنی دیا گیا ہے، سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق 24 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، سعودی عرب میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 45 ہوچکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں