سشانت سنگھ کی موت کی خبر سن کر ان کی بھابھی بھی چل بسیں


ممبئی: 

بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بھابھی ان کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرسکیں اور سشانت کی موت کی خبر سن وہ بھی چل بسیں۔دو روز قبل بالی ووڈ کے نامور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی خبرنے پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو دنگ کردیا تھا۔ اکشے کمار، انوراگ کیشپ سمیت متعدد فنکاروں نے سشانت سنگھ کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا انہیں یقین نہیں آرہا کہ سشانت سنگھ راجپوت اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

سشانت سنگھ کے گھر والے بھی اس خبر پر یقین نہیں کرپارہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ کے کزن کی اہلیہ سدھا دیوی اس صدمے کو برداشت نہ کرسکیں اور سشانت سنگھ کی موت کی خبر سن کر وہ بھی اس دنیا سے چل بسیں۔

رپورٹس کے مطابق سدھا دیوی نے سشانت سنگھ کی خود کشی کی خبر سن کر کھانا پینا چھوڑدیا تھا اور انہوں نے اس وقت اپنی آخری سانس لی جب ممبئی میں سشانت سنگھ کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی صبح ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ جب ان کے گھر کا دروازہ توڑا گیا تو ان کی لاش پھندے سے لٹک رہی تھی۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ان کی موت کو خودکشی قرار دیا ہے، تاہم مزید تفتیش کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے چاہنے والوں کو ابھی تک یقین نہیں آیا ہے کہ زندگی سے بھرپور سشانت سنگھ  اب ہم میں نہیں رہے۔

سشانت سنگھ راجپوت نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا تھا اور ڈراما سیریل ’’پوتر رشتہ‘‘ سے انہیں شہرت ملی۔ بعد ازاں 2013 میں انہوں نے فلم ’’کائی پو چے‘‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور ایک کے بعد ایک کئی فلموں میں کام کیا جن میں ’’کیدار ناتھ‘‘، ’’شدھ دیسی رومینس‘‘،’’ایم ایس دھونی‘‘،’’چھچھورے‘‘اور سپر ہٹ فلم’’پی کے‘‘ شامل ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں