سری نگر کی جامع مسجد 4 ماہ سے زائد عرصے بعد نمازیوں کیلئے کھول دی گئی


مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے 5 اگست سے غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور وادی میں 4 ماہ سے زائد عرصے کے بعد سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کو نمازیوں کے لیے پہلی بار کھولا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ مقبوضہ وادی میں  5 اگست سے اب تک جامع مسجد سری نگر سمیت دیگر مساجد میں جمعے کی نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد تھی۔

شمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق جامع مسجد کو آرٹیکل 370 کی معطلی کے 4 ماہ 13 دن بعد نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے جس میں آج اذان دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اذان کی آواز سن کر کشمیریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور بڑی تعداد میں شہریوں نے مسجد میں نماز ادا کی۔

اس حوالے سے مسجد کمیٹی کے رکن کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر رہے تو جامع مسجد میں نمازیں جاری رہیں گی لیکن کچھ کشمیریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جمعے کو شاید مسجد میں نماز نہ ادا کرنے دی جائے۔

دوسری جانب سری نگر میں کشمیری صحافیوں پر تشدد کے خلاف صحافیوں نے احتجاج کیا اور صحافیوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کشمیر کی موجودہ صورتحال کا پس منظر

بھارت نے 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں یعنی (UNION TERRITORIES) میں تقسیم کر دیا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔

بھارت نے یہ دونوں بل لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرائے اور پھر صدر کووند کمار نے بھی اس قانون پر دستخط کر دیئے۔

آرٹیکل 370 کیا ہے؟

بھارتی آئین کا آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں خصوصی اختیارات سے متعلق ہے۔

آرٹیکل 370 ریاست مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین بنانے، اسے برقرار رکھنے، اپنا پرچم رکھنے اور دفاع، خارجہ و مواصلات کے علاوہ تمام معاملات میں آزادی دیتا ہے۔

بھارتی آئین کی جو دفعات و قوانین دیگر ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں وہ اس دفعہ کے تحت ریاست مقبوضہ کشمیر پر نافذ نہیں کیے جا سکتے۔

بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت کسی بھی دوسری ریاست کا شہری مقبوضہ کشمیر کا شہری نہیں بن سکتا اور نہ ہی وادی میں جگہ خرید سکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں