سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو تازہ خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔
سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے دورہ پاکستان کے حوالے سے وارننگ موصول ہوئی ہے جس کے بعد اس نے سیکیورٹی دوبارہ جانچنے کیلئے اپنی حکومت سے معاونت مانگ لی ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک بار پھر سیکیورٹی کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے حکومتی معاونت طلب کرلی گئی ہے۔
سری لنکن بورڈ کو حکومت کی جانب سے تازہ بریفنگ دی جائے گی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق بورڈ کو سری لنکن وزیر اعظم کے آفس کی جانب سے دورہ کے حوالے سے ایک وارننگ موصول ہوئی ہے۔
سری لنکن بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آفس کو اطلاع دی گئی ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سری لنکن بورڈ ٹیم کی روانگی سے قبل تمام معاملات کا انتہائی ذمہ داری کے ساتھ جائزہ لے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا ردعمل
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہم نے سری لنکا کرکٹ کابیان دیکھا ہے، ہم سےسری لنکا کرکٹ ٹیم کی حفاظت پر انٹیلی جنس رپورٹ کاتبادلہ نہیں کیاگیا۔
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی سری لنکن کرکٹ ٹیم کی مکمل حفاظت اور سیکیورٹی کے عزم کو دہراتا ہے اور پی سی بی اس سلسلےمیں سری لنکا کرکٹ کے ساتھ تعاون جاری رکھےگا۔
خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز27 ، 29 ستمبر اور2 اکتوبر کو کراچی جب کہ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں ہوگی۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے سری لنکا کے کرکٹرز کو پاکستان کے دورے سے متعلق دھمکائے جانے کا انکشاف ہوا تھا تاہم سری لنکا کے وزیر کھیل نے اس کی تردید کی ہے