اسلام آباد:
ملک میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 708ملین ڈالر جبکہ حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی 892ملین ڈالر ہوئی جو 184 ملین ڈالر یعنی 25.98 فیصد زیادہ رہی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق فوڈ گروپ کی جانب سے جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران حاصل 171.5ملین ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ گزشتہ مالی سا ل کے اسی عرصہ کے دوران 53 ملین ڈالر کا منافع بیرون ملک بھجوایاگیا۔
دوسری جانب مالیات کے شعبہ (بینکس )میں غیر حاصل منافع کی منتقلی گزشتہ مالی سا ل کی پہلی ششماہی کے دوران 125.5 ملین ڈالر رہی تھی جو رواں مالی سال میں 122.5 ملین ڈالر تک کم ہوئی۔ مواصلات میں حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی 33 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 119.3 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ ٹیلی کمیونیکیشن میں کووڈ۔19 کی وجہ سے 105 ملین ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیاگیا۔
ٹرانسپورٹ، تیل، گیس کی تلاش کے شعبہ سے منافع کی منتقلی گزشتہ سال کے 139 اور 112 ملین ڈالر کے مقابلہ میں74 اور 69 ملین ڈالر تک کم ہو ئی۔ تمباکو اور سگریٹ کی صنعت کی جانب سے حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی 35 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 76.5 ملین ڈالر تک بڑھی۔