شعیب اختر نے معین خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ کی خوش قسمتی ہے کہ عمران خان جیسے لوگوں کیساتھ کھیلے اور ہماری بدنصیبی کہ آپ جیسوں کے ساتھ کھیلے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ سرفراز احمد کے بارے میں میں نے صرف اتنا ہی کہا ہے کہ وہ موٹا لگ رہا ہے اور ان فٹ ہے، جب کپتان کے جسم کا حجم اتنا بڑھ جائے گا تو وہ وکٹ کیپنگ کیسے کر سکے گا، ویسے بھی اسے2 سال سے کیپنگ کرنے میں پرابلم آ رہی ہے۔
شعیب اختر نے معین خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایوریج بندے کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کا کپتان بنا دیا ہے،انہو ں نے کچھ باتیں میرے خلاف کی ہیں حالانکہ میں نے 20 سال ان کی بڑی عزت کی ہے اور ان کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا، میں ان کے لیول پر جا کر کچھ کہنا نہیں چا ہ رہا تھا لیکن اب ان کے اعتراضات کا جواب دینا بھی ضروری ہے، معین خان نے میرے بارے میں کہا کہ اگر شعیب اختر پاکستان کے ساتھ مخلص ہوتے تو وہ 450وکٹیں لے چکے ہوتے۔
معین خان کے لئے میرا جواب یہ ہے کہ میں نے نہ صرف ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ میں ٹوٹل ملا کر 450 وکٹیں ہی حاصل کی ہیں بلکہ کئی سیریز بھی پاکستان کو جتوائی ہیں، معین خان صاحب اگر آپ پاکستان کے ساتھ مخلص ہوتے تو جب راشد لطیف جیسا بہتر انسان، وکٹ اور بیسٹمین موجود تھا تو آپ کو خود سے ہی گلووز چھوڑ دینے چاہیے تھے۔ شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ ایک کرکٹر ساڑھے چار سو وکٹیں اس وقت ہی لیتا ہے جب اس کا کپتان معین خان کی بجائے عمران خان ہو،لیڈر سے ہی پلیئر بنتے ہیں، معین خان آپ کی خوش قسمتی یہ ہے کہ آپ بڑے لوگوں کے ساتھ کھیلے اور ہماری بدنصیبی یہ ہے کہ ہم آپ جیسوں کے ساتھ کھیلے