سرفراز اچھا کھلاڑی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے واپس آئے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے اور مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے دو روز کے لیے سرکاری اور سیاسی مصروفیات ترک کی ہوئی ہیں اور اس دوران وہ اپنے دوستوں اور فیملی کو وقت دے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دوستوں کی محفل میں پاکستان کرکٹ سے متعلق بھی بات چیت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تک معیاری فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی ہماری کرکٹ باقی دنیا سے پیچھے رہ جائے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا اور نیا نظام ملک کو طویل مدتی کیریئر والے کھلاڑی دے گا۔ تاہم دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی نئے نظام کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے برطرف کیے جانے پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرفراز اچھا کھلاڑی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے واپس آئے اور کرکٹر کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ ہوتا ہے۔

مصباح الحق سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے، مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں