لاہور:
سرفراز احمد کی ورلڈکپ کے لیے منتخب قومی انڈر 19 اسکواڈ سے ملاقات ہوئی ہے۔
سابق کپتان نے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دیے، آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔ 9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ 10 جنوری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگا جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان دو مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جیت چکا ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ، 2006 میں جیتا تھا، جہاں ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے کی تھی، اس وقت پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 38 رنز سے شکست دی تھی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ روحیل نذیر اچھے کھلاڑی ہیں اور بطور وکٹ کیپر بیٹسمین وہ بہترین فارم میں ہیں جس کا فائدہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ہوگا، انڈر 19 کرکٹ، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی اسکواڈ میں شمولیت کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے امکانات روشن ہوں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ وہ خود، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سمیت بیشتر کھلاڑی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ذریعے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے، قومی انڈر 19 ٹیم کے موجودہ اسکواڈ میں بھی کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو جلد قومی ٹیم کا حصہ بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ 2006 میں کامیابی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کاکہنا تھا کہ وہ ورلڈکپ یادگار تھا، انہوں نے کہا کہ فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف لو اسکورنگ میچ میں کامیابی حاصل کرنا بڑی فتح تھی۔