سرفراز احمد قائداعظم ٹرافی میں سندھ ٹیم کی قیادت پر رضامند


پاکستان کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے والے سابق کپتان سرفراز احمد قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی کپتانی کے لیے رضامند ہوگئے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان  اسد شفیق کی موجودگی میں سندھ ٹیم کی قیادت کریں گے، سندھ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

ذرائع کے مطابق اسد شفیق ایک را=نڈ کھیلنے کے بعد آسٹریلیا چلے جائیں گے، اس لیے ٹیم انتظامیہ کے قائل کرنے پر سرفراز احمد سندھ کی کپتانی پر راضی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں  فیصل آباد میں ایک صحافی کے تیکھے سوال سے ناراض ہوکر سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سندھ کی کپتانی چھوڑ دی تھی۔

سرفراز احمد کے اس فیصلے کے چند دن بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے بھی سُبکدوش کردیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹا کر اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا اور  بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کاکپتان مقرر کیا گیا جب کہ ون ڈے کی کپتانی سے بھی سرفراز کو ہٹادیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے جو سرفراز احمد کی کپتانی سے خوش دکھائی نہیں دے رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کے فیصلے کو ان کی کپتانی سے ہٹانے کی بڑی وجہ قرار دیا جارہا تھا۔

اگرچہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 0-2 سے جیتنے میں کامیاب ہوگئی تھی تاہم سری لنکا کی نوجوان ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 کی ہزیمت کے بعد سرفراز احمد کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا تھا۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں، انھوں نے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 جیتے اور صرف 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد قائداعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلےکا آغاز آج سے ہورہا ہے جہاں پانچویں راؤنڈ کے میچز  کوئٹہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل شاہین شاہ آفریدی (ناردرن) قومی کرکٹ اکیڈمی میں جاری ری ہیب پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔

قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سینٹرل پنجاب کا مقابلہ چوتھے نمبر پر موجود سندھ کی ٹیم سے ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں سینٹرل پنجاب کی قیادت احمد شہزاد کے سپرد کی گئی ہے۔

قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ کے دوران سیالکوٹ میں دوسال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔

جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں شیڈول میچ میں سدرن پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

میزبان بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے درمیان بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں میچ کھیلا جائے گا، رواں سیزن کے دوران یہ کوئٹہ میں تیسرا میچ ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں