شینگھائی: چینی سائنسدانوں نے ایک انوکھی بیٹری بنائی ہے جسے سرطانی رسولیوں کی اطراف رکھ کراسے آکسیجن سے محروم کرکے تباہ کرنے کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا ہے۔
اس طرح بریسٹ کینسر کی وجہ بننے والے ٹھوس پھوڑوں کو آسانی سے گھلایا جاسکتا ہے۔ نمک اور پانی پرمشتمل بیٹری سرطانی خلیات یا ان سے بننے والی رسولی کی آکسیجن روک دیتی ہے۔ اس کیفیت کو ہائپوکشیا کہتے ہیں اور یوں رسولی تیزی سے مرنے لگتی ہے۔
چین کی مشہور فیوڈان یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے یہ خردبینی لچکدار بیٹری بنائی ہے جسے ٹیومر کے گرد لپیٹا جاسکتا ہے۔ چوہوں پرتجربات کے بعد اس کے نہایت حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔ تاہم چوہوں کو روایتی ادویہ بھی دی گئیں اور بیٹری لگائی گئی تو تھوڑے عرصے میں ہی رسولی 90 فیصد تک ختم ہوگئی۔
اس تحقیقات کی تفصیل 31 مارچ کو سائنس ایڈوانسِس میں شائع ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف 15 روز میں ہی رسولی 90 فیصد تک کم ہوگئی جو عام حالات میں بہت دیر میں غائب ہوتی ہے۔ سائنسداں یونگ یاؤ ژیا اور ان کے ساتھیوں کے مطابق اس طریقے سے تیربہدف (ٹارگیٹڈ) علاج کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ لیکن کچھ دوا شامل کرکے کینسر کی دوا کو مزید مؤثر بنا کر دوہری تھراپی شروع کی جاسکتی ہے۔ عین یہی طریقہ کینسر کے شکار چوہوں پر آزمایا گیا ہے۔
بیٹری میں خالص جست (زنک) لگا ہے جو اطراف کی آکسیجن سے اپنی توانائی حاصل کرتا ہے اور سرطانی رسولیوں کو گھلاکر ختم کردیتا ہے۔ اگرچہ یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے لیکن ابتدائی تنائج بہت پرامید ہیں۔