بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نووجوت سنگھ سدھو نے کپل شرما شو چھوڑنے کی اصل وجہ بتا دی ہے۔
نیٹ فلکس پر نشر ہونے والا “دی گریٹ انڈین کپل شو” بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شوز میں شمار ہوتا ہے، اور اس سے پہلے کپل شرما مختلف ناموں سے اس شو کی میزبانی کرتے رہے ہیں۔
نووجوت سنگھ سدھو 2019 تک اس شو کا اہم حصہ رہے، جہاں وہ اپنے قہقہوں، برجستہ جملوں اور شاعری سے شو میں ایک منفرد رنگ بھرتے تھے۔
تاہم، پلوامہ حملے پر سدھو کے ایک بیان نے بھارت میں شدید ہنگامہ برپا کر دیا تھا، اور انتہاپسند ہندو گروپوں نے ان کے خلاف مظاہرے شروع کر دیے تھے۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں سدھو سے کامیڈی شو چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، ساتھ ہی شو کے بائیکاٹ کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔ ممبئی میں بھی ان کے خلاف احتجاج ہوا، جس کے بعد شو کی انتظامیہ کو سدھو کو شو سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔
سدھو کے جانے کے بعد، ان کی جگہ اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے لے لی، اور وہ اب تک کپل کے ساتھ شو میں شریک ہیں۔ تاہم، رواں ہفتے کی قسط میں سدھو بطور مہمان شو میں واپس آئیں گے، اور ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ ہوں گی۔
شو چھوڑنے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے نووجوت سنگھ سدھو نے کہا، “میں نے شو اس لیے چھوڑا تھا کہ کچھ سیاسی وجوہات تھیں جن پر میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا، اس لیے میں نے شو چھوڑ دیا تھا۔”
ان کے مطابق، سیاسی وجوہات کے علاوہ اور بھی کچھ وجوہات تھیں جن کی بنا پر انہوں نے شو چھوڑا۔ سدھو نے کپل کو ذہین اور کامیاب انسان قرار دیتے ہوئے کہا، “میں چاہتا ہوں کہ ہم جیسے ماضی میں ساتھ تھے، ویسے ہی دوبارہ سب مل کر کام کریں۔”