معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی نے کرینہ کپور خان کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ سے مشہور کردار ’پوجا (Poo)‘ کو نئے انداز میں پیش کیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون رشید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سجل علی کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں دونوں نے فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے ایک سین کو اپنے انداز میں دوبارہ پیش کیا، جس میں ایک لڑکا پوجا سے اپنے ساتھ فلم دیکھنے کے لیے چلنے کو کہتا ہے اور پوجا اس پیشکش کو انتہائی نرالے انداز میں ٹھکرا دیتی ہے۔
سجل علی اور ہارون رشید دونوں نے ہی فلم کے اس منظر کو بہت زبردست انداز سے پیش کیا ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بہت پسند بھی کیا جارہا ہے۔
اس ویڈیو میں ہارون رشید کو ہلکے نیلے رنگ کی شرٹ کیساتھ سفید رنگ کی ٹی شرٹ اور سیاہ رنگ کی جینز پہنے جبکہ سجل علی سفید رنگ کے کُرتے اور پاجامے کے ساتھ لال رنگ کی چوڑیاں پہنے بہت ہی خوبصورت لگ رہی ہیں۔
اب تک اس ویڈیو کو 84 ہزار سے زائد ویوز مل چکے ہیں جبکہ دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ سجل علی آج کل اپنی نئی آنے والی برطانوی رومانٹک کامیڈی فلم واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کی ریلیز کا بہت بے چینی سے انتظار کررہی ہیں جسے برطانوی فلمسازجمائما گولڈ اسمتھ نے لکھا ہے۔