بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کی موت طبعی نہیں قتل ہے، ایسا کہنا ہے بزنس مین وکاس مالو کی اہلیہ کا، تاہم اب بزنس مین وکاس مالو نے ان الزامات پر خاموشی توڑ دی۔
خیال رہے کہ ستیش کوشک کے کمرے سے کچھ مشکوک ادویات بر آمد ہونے کے بعد یہ خبر سامنے آئی کہ سانوی مالو نامی خاتون نے اپنے شوہر اور کاروباری شخص وکاس مالو پر 15 کروڑ روپے کے تنازع پر اداکار کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ستیش کوشک موت سے قبل جس فارم ہاؤس میں رہائش پذیر تھے اس کے مالک وکاس مالو کی دوسری اہلیہ سانوی مالو نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام لگایا ہے۔
سانوی مالو نے اپنے خط میں پولیس کمشنر کو بتایا ہے کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کے لیے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔
تاہم اداکار کے فارم ہاؤس میں بیمار ہونے کی وجہ سے اُنہیں شک ہے کہ وکاس مالو نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر اُنہیں قتل کر دیا۔
تاہم ہاؤس کے مالک اور کاروباری شخصیت وکاس مالو نے تمام تر الزامات کی تردید کرتے ہوئے اس کے خلاف خاموشی توڑ دی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ستیش جی پچھلے 30 برسوں سے میرے خاندان کا حصہ تھے لیکن دنیا کو میرا نام غلط چیزوں سے منسلک کرنے میں 1 منٹ نہیں لگا۔ میں پہلے ہی اس سانحے کو سمجھنے سے قاصر ہوں جو ہماری پارٹی کے بعد پیش آیا، میں خاموشی کو توڑ کر کہنا چاہتا ہوں کہ ایک سانحہ ہمیشہ غیر متوقع ہوتا ہے اور اس پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ میں میڈیا کے ممبران سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ سب کے جذبات کا احترام کریں ۔ ستیش جی کو ہماری آنے والی تمام تقریبات میں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس نے بھی دہلی کے اس فارم ہاؤس سے کچھ مشکوک ادویات برآمد کی ہیں جہاں ستیش کوشک نے اپنی موت سے قبل ایک پارٹی میں شرکت کی اور پھر مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے ان ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا ہے اور اب اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جا سکے گا کہ ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ 9 مارچ کو بالی ووڈ کے سینیئر اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ستیش کوشک کو نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔