سام سنگ کی ’ایس 23‘ سیریز یکم فروری کو پیش کیے جانے کا امکان

سام سنگ کی ’ایس 23‘ سیریز یکم فروری کو پیش کیے جانے کا امکان


جنوبی کوریا کی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ’سام سنگ‘ کی امریکی ویب سائٹ نے گزشتہ ہفتے حادثاتی طور پر ’ایس 23‘ سیریز کے فون کو پیش کرنے کی تاریخ لیک کردی تھی، تاہم اب کمپنی نے بھی بتادیا کہ فونز کو یکم فروری کو پیش کیا جائے گا۔

سام سنگ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’سام موبائل‘ کے مطابق جنوبی کورین کمپنی کی جانب سے مختلف میڈیا ہاؤسز کو جاری کی گئی معلومات کے مطابق کمپنی کا ایونٹ یکم فروری کو ہوگا۔

معلومات کے مطابق ’دی گلیکسی ان پیکڈ 2023‘ ایونٹ کا انعقاد امریکی شہر سان فرانسسکو میں ہوگا اور تین سال میں پہلی بار کمپنی کی جانب سے ایسا ایونٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں لوگ شرکت کریں گے۔

اس سے قبل گزشتہ دو سال سے کورونا کے باعث سام سنگ کی جانب سے اپنی سالانہ تقریب ورچوئل کی جا رہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی ایونٹ کے دوران ’گلیکسی ایس 23‘ سیریز کے تینوں فونز سمیت لیپ ٹاپ اور دیگر آلات بھی متعارف کرائے گی، تاہم کمپنی نے اس حوالے سے دعوت نامے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی جانب سے یکم فروری کو ’گلیکسی ایس 23، گلیکسی ایس 23 پلس اور گلیکسی ایس 23 الٹرا‘ کو پیش کیا جائے گا۔

خبریں ہیں کہ کمپنی کا سب سے بہترین فون ’گلیکسی ایس 23 الٹرا‘ ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر 200 میگا پکسل مین کیمرا دیا جائے گا اور یہ کیمرا جدید ٹیکنالوجی اور سینسرز سے لیس ہوگا، جس کا رزلٹ آئی فون کے کیمرے سے بھی بہتر ہوگا۔

لیک ہونے والی معلومات کے مطابق فون میں 5000 ایم اے ایچ کی اپڈیٹ ٹیکنالوجی کی طاقتور بیٹری دی جائے گی جب کہ اس کی اسکرین 8۔6 انچ رکھے جانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کمپنی نے ’ایس 23‘ میں اپڈیٹ ٹیکنالوجی کی اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن 2 کی چپ دیے جانے کا امکان ہے، ساتھ ہی اس میں فنگر پرنٹ سمیت کیمرا ٹیکنالوجی کو بھی اپڈیٹ کیے جانے کی خبریں ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں