سام سنگ کا 2021 میں گلیکسی نوٹ متعارف نہ کرانے پر غور


سام سنگ کا گلیکسی نوٹ چند مقبول ترین اسمارٹ فونز میں سے ایک ہے جس نے بڑی اسکرین والی ڈیوائسز کو دنیا بھر میں مقبول کیا۔

پہلا گلیکسی نوٹ 5.3 انچ اسکرین کے ساتھ تھا جو آج تو چھوٹا محسوس ہوتا ہے مگر اس دور میں سب سے بڑا تھا جس کے ساتھ اسٹائلوس یا ایس پین کی شکل میں نئی ٹیکنالوجی کی فراہم کی گئی تھی۔

2020 کے آخر میں خبررساں ادارے رائٹر کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سام سنگ کی جانب 2021 میں گلیکسی نوٹ سیریز کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اس کی جگہ فولڈ ایبل فونز پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

تاہم کمپنی کی جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی مگر اب سام سنگ نے عندیہ دیا ہے کہ 2021 میں گلیکسی نوٹ فونز کو متعارف نہ کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔

سام سنگ کے سی ای او ڈی جے کو نے کمپنی کی ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ رواں سال گلیکسی نوٹ فون متعارف نہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے، جس کی وجہ دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹرز کی قلت ہے۔

یہ کنڈکٹرز چپس کی تیاری کے لیے درکار ہوتے ہیں مگر مختلف وجوہات کی بنا پر طلب کے مقابلے میں سپلائی میں کمی کا سامنا ہے۔

سام سنگ کے سی ای او نے بتایا کہ کمپنی نئی مصنوعات جاری کرنا چاہتی ہے مگر چپس کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے مگر توقع ہے کہ اگلے سال صورتحال معمول پر آجائے گی اور گلیکسی نوٹ کو پیش کیا جائے گا۔

سام سنگ کی چند بڑی چپس تیار کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے، طلب میں اضافہ ایک وجہ ہے مگر ایک اور بڑی وجہ امریکی ریاست ٹیکساس میں فروری میں برفانی طوفان سے ہونے والی بجلی کے مسائل کے باعث مکمل پروڈکشن شروع نہ ہونا ہے۔

گلیکسی نوٹ فونز متعارف نہ کرانے پر 2021 میں سام سنگ فونز کی فروخت میں 5 فیصد تک کمی کا امکان ہے مگر زیادہ نقصان آمدنی کا ہوگا۔

کیونکہ یہ فلیگ شپ فونز گلیکسی فون کے مہنگے ترین فونز میں سے ایک ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں