سام سنگ نے اپنے گلیکسی ایس سیریز کے نئے فلیگ شپ فونز کو ایس 11 کی بجائے ایس 20 کا نام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جی ایس ایم ایرینا کی رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ سام سنگ کے حوالے سے قابل اعتبار لیکس کرنے والے ٹوئٹر صارفین آئس یونیورس نے کیا ہے۔
اور نام میں تبدیلی سمجھ بھی آتی ہے کیونکہ 2020 سے نئی دہائی کا آغاز ہوا ہے اور سام سنگ نے گلیکسی ایس سیریز کے 10 فونز کے ساتھ پرانی دہائی کا اختتام کیا اور اب گلیکسی ایس 20 سے نیا آغاز کرنے والی ہے۔
اس سال سام سنگ کی جانب سے 4 فونز گلیکسی ایس 20، ایس 20 پلس، ایس 20 ای اور ایس 20 فائیو جی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ان فونز میں ایکسینوس 990 پراسیسر (کچھ ممالک میں) اور اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر (بیشتر ممالک میں) دیا جائے گا جبکہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ بڑی بیٹریا دیئے جانے کا بھی امکان ہے جیسے ایس 20 پلس میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی۔
یہ فون 11 فروری کو متعارف کرائے جائیں گے جبکہ 18 فروری سے مختلف ممالک میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
گلیکسی ایس 20 اور ایس 20 پلس میں بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جس میں سے ایک 108 میگا پکسل کیمرا ہوگا جو بائی ڈیفالٹ 12 میگا پکسل تصاویر کھینچے گا۔
اس کے علاوہ 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو 2 کیمرا 5 ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ، الٹرا وائیڈ کیمرا اور ٹائم آف فلائٹ سنسر دیا جائے گا جبکہ ان فونز میں میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ ڈسپلے دیا جائے گا۔
فون کے فرنٹ پر گلیکسی نوٹ سیریز کی طرح ہول پنچ ڈیزائن میں سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔