سام سنگ نے خاموشی سے اپنے اے سیریز کا سستا فون متعارف کرادیا ہے۔
گلیکسی اے 11 میں 6.4 انچ کی ایچ ڈی پلس ایل سی ڈی اسکرین دی گئی ہے اور کمپنی نے بغیر کسی بیان یا اعلان کے بغیر اسے خاموشی سے اپنی ویب سائٹ پر دستیاب فونز کی فہرست میں شامل کردیا۔
بنیادی طور پر یہ کمپنی کا انٹری لیول اسمارٹ فون ہے جس میں 1.8 گیگاپرٹز کور پراسیسر (ممکنہ طور پر اسنیپ ڈراگون 625 یا 626) دیا گیا ہے جبکہ 2 سے 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ ڈوئل سم سپورٹ، ایل ٹی ای، جی پی ایس، وائی فائی، بلیوٹوتھ اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔
اس فون میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہے، جبکہ 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرا بھی موجود ہے جن کے ساتھ ایل ای ڈی فلیش دی گئی ہے۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ ریڈر بیک پر موجود ہے۔
فون کی باڈی پلاسٹک سے تیار کی گئی ہے جو 4 رنگوں میں دستیاب ہوگا مگر کمپنی نے فی الحال اس کی قیمت یا دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
مگر یہ واضح ہے کہ یہ کمپنی کے سستے فون گلیکسی اے 10 کا اپ ڈیٹ ورژن ہے جسے گزشتہ سال پیش کیا گیا تھا مگر اس میں بیک پر سنگل کیمرا ہی تھا اور قیمت 22 ہزار روپے تھی۔