سام سنگ سے ایک بار پھر دنیا کی نمبرون اسمارٹ فون کمپنی کا اعزاز چھین گیا


ایپل ایک سال سے اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنیوں میں تیسرے نمبر پر موجود تھی بلکہ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران وہ پہلی بار ٹاپ 3 کمپنیوں کی فہرست سے باہر ہوگئی تھی۔

تاہم غیرمتوقع طور پر 2020 کی آخری سہ ماہی میں ایپل نے دنیا کی نمبرون کمپنی کا اعزاز سام سنگ سے چھین لیا ہے۔

اس سے قبل 2020 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ہواوے نے پہلی بار دنیا کی نمبرون کمپنی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، مگر تیسری سہ ماہی میں سام سنگ نے اسے واپس حاصل کرلیا۔

اسمارٹ فونز مارکیٹ کے اعدادوشمار جاری کرنے والی کمپنی آئی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے 2020 کی چوتھی سہ ماہی میں فونز کی فروخت میں سام سنگ کو شکست دے دی ہے۔

یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2020 کے دوران دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کی اس سہ ماہی کے مقابلے میں 4.3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس عرصے میں مجموعی طور پر 38 کروڑ 59 لاکھ اسمارٹ فونز فروخت ہوئے، جن میں ایپل کے 9 کرور سے زیادہ آئی فونز شامل تھے۔

2020 کی اولین 9 ماہ کے دوران دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث نمایاں کمی دیکھنے میں آئی تھی، تاہم سال کا اختتام مبثت انداز سے ہوا۔

آئی فون 12 کے نتیجے میں 2020 کے آخری 3 ماہ ایپل کے لیے بہترین ثابت ہوئے، اس کے نتیجے میں اس کمپنی کے 2020 میں فونز کی فروخت 2019 کے مقابلے میں 22.2 فیصد زیادہ رہی۔

مجموعی طور پر ایپل کا مارکیٹ شیئر 23.4 فیصد رہا، جبکہ سام سنگ 7 کروڑ 39 لاکھ فونز فروخت کرکے دوسرے نمبر پر رہی، جس کا مارکیٹ شیئر 19.1 فیصد رہا۔

کافی عرصے بعد شیاؤمی سرفہرست 3 کمپنیوں میں سے باہر نکل گئی جبکہ تیسری سہ ماہی کے بعد سال کے اختتام پر بھی شیاؤمی دنیا کی تیسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی رہی۔

اس کمپنی نے 4 کروڑ 34 لاکھ اسمارٹ فونز فروخت کیے اور اس کا مارکیٹ شیئر 11.2 فیصد رہا جبکہ سال بھر میں اس کے فونز کی فروخت میں 32 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اوپو 3 کروڑ 38 لاکھ فونز فروخت کرکے چوتھے نمبر پر رہی جبکہ سال بھر میں اس کے فونز کی فروخت میں 10.7 فیصد اضافہ ہوا۔

ہواوے کے لیے سال کی آخری سہ ماہی بدترین ثابت ہوئی جس کے دوران اس نے 3 کروڑ 23 لاکھ فونز فروخت کیے گئے اور 5 ویں نمبر پر رہی۔

امریکی پابندیوں کے نتیجے میں 2020 میں ہواوے کے فونز کی فروخت میں 2019 کے مقابلے میں 42 فیصد سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی۔

مجموعی طور پر 2020 میں سام سنگ اسمارٹ فونز کی فروخت میں نمبرون پوزیشن پر رہی ہے جبکہ ایپل دوسرے، ہواوے تیسرے، شیاﺅمی چوتھے، ویوو 5 ویں نمبر پر موجود ہے۔

سام سنگ نے سال بھر میں 26 کروڑ 67 لاکھ سے زیادہ فونز فروخت کیے گئے اور مارکیٹ شیئر 20.6 فیصد رہا، تاہم 2019 کے مقابلے میں جنوبی کورین ڈیوائسز کی فروخت میں 9.8 فیصد کم رہی۔

ایپل نے سال بھر میں 20 کروڑ 61 لاکھ سے زیادہ آئی فونز فروخت کیے اور مارکیٹ شیئر 15.9 فیصد رہا، جبکہ 2019 کے مقابلے میں 7.9 فیصد زیادہ آئی فونز فروخت کیے۔

ہواوے کی فونز کی فروخت میں امریکی پابندیوں کے نتیجے میں 21 فیصد سے زیادہ کمی آئی اور یہ تعداد 18 کروڑ 90 لاکھ رہی۔

سال بھر میں مجموعی طور پر ایک ارب 29 کروڑ سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت ہوئے جو 2019 کے مقابلے میں 5.9 فیصد کم رہے۔

تاہم توقع ہے کہ کورونا کی وبا پر بتدریج قابو پانے سے 2021 میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں