سال میں زیادہ آمدن؛ لیونل میسی نے رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا


لندن: 

رواں مالی سال میں سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے ایتھلیٹ میں ارجنٹائنی اسٹرائیکر لیونل میسی بن گئے، انھوں نے ہم عصر پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑدیا۔

امریکی جریدے فوربز نے سال میں زیادہ آمدن پانے والے 100 ایتھلیٹ کی فہرست مرتب کی ہے، بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے لیونل میسی نے گذشتہ 12 ماہ میں 127 ملین ڈالر بینک کھاتوں میں جمع کرکے سب سے منفرد مقام پالیا۔

رئیل میڈرڈ کو چھوڑ کو اطالوی کلب یوونٹس میں جانے والے ان کے ہم عصر کرسٹیانو رونالڈو اس فہرست میں 109 ملین ڈالر آمدن کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، پیرس سینٹ جرمین میں شامل برازیلین اسٹار نیمار نے 105 ملین ڈالر حاصل کرکے تیسری پوزیشن پائی۔

گزشتہ برس اس فہرست میں ٹاپ پوزیشن پانے والے امریکی باکسر فلوئیڈ مے ویدر اس بار فہرست میں جگہ نہیں بناسکے، ٹاپ 100 ایتھلیٹ میں سرینا ولیمز واحد خاتون ہیں، جن کی آمدنی رواں برس 29.2 ملین ڈالر رہی، پانچ بار کے فارمولا ون ورلڈ چیمپئن لوئس ہیملٹن اور سابق ہیوی ویٹ ورلڈ چیمپئن انتھونی جوشا مشترکہ طور پر 13ویں نمبر پر ہیں، ان دونوں کی آمدنی یکساں طور پر 55 ملین ڈالر رہی۔

امریکی جریدے نے فہرست کی تیاری میں جون 2018 سے جون2019 تک ایتھلیٹس کی آمدن کا جائزہ لیا ہے


اپنا تبصرہ لکھیں