پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے سب کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے صبر کیلئے دعا کریں اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
ملک بھر میں امسال کی عید کورونا وائرس اور طیارہ حادثے کے باعث سادگی سے منائی جارہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ شوبز ستارے بھی سادگی سے عید مناتے ہوئے مداحوں کو اپنے پیغام میں طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے دعا اور کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر رہے ہیں۔
اداکار عدنان صدیقی نے عید کے موقع پر سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے مداحوں کو سادگی سے عید منانے کے ساتھ جہاز حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ ویسی عید نہیں جیسی ہوا کرتی ہے، ابھی ہم کووڈ 19 سے ہی لڑ رہے تھے کہ جمعۃالوداع کو ایک حادثہ پیش آگیا، یہ ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا دکھ ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑا دکھ ہے‘۔
اداکارہ عائزہ خان نے عید پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں ہم عید منا رہے ہیں، وہیں ہم نے خوشی کے موقع پر بیٹوں، بیٹیوں، ماؤں اور والدین کو بھی کھویا ہے۔
ہمایوں سعید نے عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ جس طرح ہم پورا رمضان عبادت کرتے رہے ہیں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے، اسی طرح عید کے دن بھی یہی جاری رکھیں تو بہتر ہے اور اس عمل کو معمول بنالیں۔
ہمایوں سعید نے سب کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
اداکارہ میرا نے لکھا کہ ’ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتی ہوں‘۔
میرا نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے دعا کی تلقین کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ہم سب ہی پہلے سے مختلف انداز میں اس سال کی عید منا رہے ہیں، اللہ تمام انسانوں کو محفوظ رکھے‘۔
گلوکار عاصم اظہر نے ہمیشہ کی طرح اپنے مخصوص انداز میں پرستاروں کو عید مبارک کہا۔