سابق کرکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم سے امیدیں باندھ لیں


 لاہور: 

سابق کرکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیسٹ ٹیم سے عمدہ  کارکردگی کی امیدیں وابستہ کرلیںپاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 5 اگست بروز بدھ سے ہورہا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ کے معروف اسٹارز نے اظہر علی کی قیادت میں انگلینڈ میں موجود قومی ٹیسٹ ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سابق  کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کے حوصلے بڑھانے کرنے کے لیے اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب دعاگو ہیں کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ دورہ انگلينڈ، قومی کھلاڑیوں کے لیے ہيرو بننے کا ایک بڑا موقع ہے، بلاشبہ ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے باعث انگلینڈ کو پاکستان پر برتری ہوگی مگر ہوم سائیڈ پاکستان جیسی معیاری ٹیم کے خلاف دباؤ کا شکار رہے گی۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پورا ملک قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی حمایت میں یکجاہے، قوم کو بابر اعظم، اسد شفیق اور اظہر علی سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، دعا گو ہیں کہ اسکواڈ میں شامل سینئرز اور جونیئرز تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا کہ ہم سب قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مثبت کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کےاسکواڈ میں بابراعظم کی شکل میں ایک عالمی معیار کا کھلاڑی موجودہے جب کہ نوجوان فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے علاوہ تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس، حريف ٹیم کے لیے  مشکلات کا سبب بنیں گے۔

آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم منیجمنٹ میں تجربہ کار نام موجود ہیں، جس کا اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے پاس اظہر علی، بابراعظم، اسد شفیق اور عابد علی جیسے تجربہ کاربلے باز موجود ہیں، امید ہے  یہ کھلاڑیوں مشکل کنڈیشنز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے کہ 5 اگست سے شروع ہونے والی 3 میچوں پر مشتمل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے مابین گذشتہ پانچ سالوں میں تیسری ٹیسٹ سیریز ہے۔ یہ سیریز 1996 کے بعد پاکستان کو ایک بار پھر انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا موقع فراہم کررہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں