سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بازیابی کیس: سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب


لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے 30 ستمبر تک سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی، درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری اور تھانہ صدر بیرونی پولیس عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت پولیس نے محمد اکرم کی لوکیشن سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ محمد اکرم کی آخری لوکیشن سیکٹر جی 13 کی آئی ہے۔

پولیس کی تفتیش غیر تسلی بخش ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے وہئے ریمارکس دیے کہ پولیس نے اس تفتیش کی فائل کو صرف تین دفعہ ہاتھ لگایا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے 30 ستمبر کو سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

یاد رہے کہ 2 ستمبر کو سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو محکمہ جیل نے فرائض میں غفلت برتنے پر نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کردی گئی تھی۔

29 اگست کو سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم بازیابی کیس میں عدالت نے مغوی کی فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

واضح رہے 27 اگست کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی تھی، اس موقع پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے سی پی او راولپنڈی کا جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ سی پی او راولپنڈی نے مختلف اداروں اور 4 صوبوں کی پولیس کو خطوط بھجوائے ہیں جس میں محمد اکرم کے حوالے سے تفصیلات مانگیں گئی ہیں، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی بازیابی کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں