سابق مس پاکستان زینب نوید امریکی ریاست میری لینڈ میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
میری لینڈ کی پولیس کی رپورٹ کے مطابق ماڈل کی موت تیز رفتار گاڑی کے الٹنے کی وجہ سے ہوئی البتہ پولیس کی تفتیش تاحال جاری ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 32 سالہ زینب نوید مرسڈیز گاڑی چلا رہی تھی کہ اچانک غلط یوٹرن لینے کی کوشش کے دوران ان کی گاڑی الٹ گئی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔
واضح رہے کہ زینب نوید نے 2012 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے ایوارڈز ‘مس پاکستان ورلڈ’ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
انہوں نے ٹورنٹو میں ہونے والے اس مقابلے میں لاہور کی نمائندگی کی تھی۔
مس پاکستان ورلڈ کا مقابلہ 2003 سے ہر سال کینیڈا میں منعقد ہوتا آرہا ہے، واحد 2014 کا سال تھا جب یہ مقابلہ امریکا میں منعقد ہوا۔
ہر سال اس مقابلے میں پاکستانی نژاد لڑکیاں حصہ لیتی آرہی ہیں۔