حال ہی میں کثرت رزق کا راز بتاکر مداحوں کا دل جیتنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر عرفان پٹھان نے بیٹے کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصویر شیئر کرکے بیٹے کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کا اعلان کیا۔
اکثر و بیشتر پاکستانی کرکٹرز پر تنقید کرنے والے سابق بھارتی کھلاڑی کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں انہیں بیٹے کے ساتھ مکہ مکرمہ کے صحن میں دیکھا جاسکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے کو شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’میں نے اپنے بیٹے کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے‘ اس کے ساتھ ہی ’بلیسنگ‘ کے ہیش ٹیگ کا اضافہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں بھی انہوں نے اپنی اہلیہ اور دونوں بیٹوں کے ہمراہ عمرہ ادا کیا تھا جس کی اطلاع بھارتی کھلاڑی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دی تھی اور تصاویر بھی شیئر کیں تھی۔