اسکاٹ لینڈ کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر ماجد حق عالمگیر وبا کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔
کورونا وائرس دنیا کے 185 ممالک کے دو لاکھ سے زائد افراد کو متاثرہ کر چکا ہے ، ان افراد میں سیاستدانوں اور فلمی شخصیات سمیت کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنےوالے افراد بھی شامل ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز میں بھی کورونا وائرس کا شبہہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم انھوں نے برطانیہ پہنچ کر کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کی تردید کر دی تھی۔
اس کے علاوہ پی ایس ایل کے دوران ہی پشاور زلمی کے کوچ منتخب ہونے والے ڈیرن سیمی نے وطن واپسی پر آئسولیشن اختیار کر لی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ مجھے کورونا وائرس نہیں لیکن احتیاطی طور پر 14 روز کے لیے آئسولیش میں جا رہا ہوں۔
اب اطلاعات ہیں کہ اسکاٹ لینڈ کے سابق کرکٹر ماجد حق بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کے لیے 54 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے ماجد حق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کورونا وائرس کاٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن امید ہےآج جلد گھر آ جاؤں گا۔