سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔
امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے جو بائیڈن نے وڈیو بیان میں تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ 2020 کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹس کے امیدوار ہوں گے۔
76 سالہ سابق امریکی نائب صدر کے اس اعلان کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدواروں کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جن میں سینیٹر الزبتھ وارین، کمالا ہیرس اور برنی سینڈرز بھی شامل ہیں۔
اب تک سامنے آنے والے امیدواروں میں جو بائیڈن سب سے تجربہ کار سیاستدان ہیں، وہ چھ بار سینیٹر رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل 1988 اور 2008 میں بھی وہ عہدہ صدارت کی دوڑ میں شامل تھے تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔
2009 سے 2017 تک جو بائیڈن امریکا کے نائب صدر رہے۔ 2016 میں توقع کی جارہی تھی کہ وہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹس کے اہم امیدوار ہوں گے تاہم 46 سالہ بیٹے بیو بائیڈن کی برین ٹیومر کے باعث اچانک موت کی وجہ سے وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخاب 3 نومبر 2020 کو شیڈول ہیں۔ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ دوبارہ عہدہ صدارت کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔
جو بائیڈن نے اپنے وڈیو پیغام میں امریکی عوام کو خبردار کیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید 4 سال کیلئے منتخب کرلیا گیا تو وہ امریکی اقدار کا نقشہ مکمل طور پر بدل دیں گے اور وہ ایسا ہوتا نہیں دیکھ سکتے لہٰذا انہوں نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔