بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر، کاروباری شخصیت راج کندرا کی کویتا کندرا کے ساتھ پہلی شادی سے متعلق بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
شلپا شیٹی کے شوہر اور بزنس مین، راج کندرا ہمیشہ سرخیوں میں رہتے ہیں، آج کل ان کی وجۂ شہرت چہرے پر پہنے جانے والے سنسنی خیز ماسک اور فحش ویڈیوز اسکینڈل میں جیل جانا ہے۔
2009 میں خوبرو اداکارہ شلپا شیٹی سے شادی کرنے والے راج کندرا اس سے قبل اپنی بچپن کی دوست کویتا سے رشتۂ ازدواج میں منسلک تھے تاہم ان کی یہ شادی زیادہ دیر نہ چل سکی اور راج اور کویتا الگ ہو گئے۔
اس جوڑی کی ایک بیٹی بھی ہے جس کی تحویل صرف کویتا کے پاس ہے، سابقہ اہلیہ سے علیحدگی کے بعد سے راج کا اپنی بیٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
راج کندرا کا اپنی سابقہ اہلیہ کویتا پر دھوکا دہی کا الزام:
بھارتی میڈیا ’ETimes‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں، راج کندرا نے اپنے گزشتہ، ٹوٹے ہوئے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی اور پہلی بار انہوں نے اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی کی وجوہات کا بھی انکشاف کیا۔
راج کندرا نے انکشاف کیا کہ اُن کی اہلیہ کویتا نے اپنی بہن کے شوہر کے ساتھ مل کر اُنہیں دھوکا دیا، اُن کی اہلیہ کے اپنے بہنوئی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔
راج کندرا کا انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ’میں آج بہت ہلکا محسوس کر رہا ہوں کہ اتنے برسوں بعد میں واقعی میں اپنی سابقہ اہلیہ کے بارے میں سچ بولنے کے قابل ہوا ہوں! میری والدہ نے میری سابقہ اہلیہ اور بہن کے شوہر کو کئی بار رنگے ہاتھوں پکڑا تھا، اہلیہ اور اُس کے بہنوئی کی وجہ سے دو خاندان برباد ہوئے۔‘
راج کا اپنی موجودہ بیوی، شلپا شیٹی سے متعلق ردعمل کا اظہار
اس انٹرویو کے دوران راج کندرا نے یہ بھی بتایا کہ اُن کی موجودہ بیوی، شلپا شیٹی نے اُن کی سابقہ اہلیہ کو چھوڑنے کے فیصلے کے پیچھے اصل وجہ پر کیا ردعمل ظاہر کیا تھا۔
راج کا کہنا تھا کہ شلپا چاہتی تھیں کہ میں اُن سے کچھ نہ چھپاؤں اور سب سچ سچ بتا دوں، شلپا کے لیے وجہ کے بجائے سچ جاننا اہم تھا کیوں کہ اکثر اوقات ہی شلپا شیٹی کو میری شادی ٹوٹنے کی وجہ قرار دیا جاتا تھا۔
جب کویتا کندرا نے شلپا کی ازدواجی زندگی تباہ کرنے سے متعلق دھمکی دی
جیسا کہ ہر سکے کے دو رُخ ہوتے ہیں اسی طرح راج کی سابقہ اہلیہ کویتا کے پاس بھی راج کندرا کے ساتھ ٹوٹنے والی شادی کے بارے میں بات کرنے کے لیے کافی وجوہات تھیں۔
راج کندرا کی شادی ٹوٹنے پر جہاں بہت سے لوگ شلپا شیٹی کو ملزم ٹھہرا رہے تھے وہیں کویتا کا بھی یہی کہنا تھا، کویتا نے بھی اداکارہ کے خلاف الزامات میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ:
’میں اِن (راج اور شلپا) کی تصاویر کو ایک ساتھ دیکھتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ وہ میرے شوہر کے ساتھ ہے، وہ میری زندگی گزار رہی ہے، جب میں اپنی شادی کو بچانے کی کوشش کر رہی تھی وہ (راج) مسلسل شلپا کے بارے میں بات کر رہا تھا جیسے اسے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میرے ساتھ کیا ہوا ہے کیونکہ اس نے مجھ سے بہتر، چالاک اور مشہور خاتون کو پا لیا تھا۔‘