سائیکل چلائیے، بیماریاں بھگائیے اور طویل عمر پائیے


لندن: سائیکل چلانا ایک بہترین ورزش ہے اور اب معلوم ہوا ہے کہ اس کی عادت آپ کی زندگی کی طوالت میں اضافہ کرسکتی ہے۔

برطانیہ میں مردم شماری اور دیگر اقسام کے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ اگر کار چلانے کے کی عادت کو کچھ کم کرکے معمول کے تحت سائیکل چلائی جائے تو اس سے دیگر کے مقابلے میں قبل ازوقت موت کو 20 فیصد تک دور کیا جاسکتا ہے۔

اس ضمن میں برطانوی ماہرین نے گزشتہ 25 برس کا ڈیٹا لیا ہے اور اس کا مطالعہ کیا ہے۔ اس میں لاکھوں افراد کی صحتمندانہ سرگرمیوں کو بھی نوٹ کیا ہے۔ اس میں کار کے ذریعے سفر کرنے اور پیدل چلنے، عوامی ٹرانسپورٹ یا پھر سائیکل چلانے اور اموات کے درمیان تعلق نوٹ کیا گیا ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ باقاعدہ طور پر سائیکل چلانے سے کینسر اور دل کے امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ پھر کووڈ 19 کے لاک ڈاؤن کے تناظر میں بھی ماہرین نے سائیکل سواری پر زور دیا ہے۔ اس مطالعے میں شامل تمام ماہرین اور ڈاکٹروں نے سائیکل چلانے پر زور دیا ہے۔

یہ تحقیق امپیریل کالج اور جامعہ کیمبرج نے مشترکہ طور پر کی ہے جس میں 1991 سے لے کر 2016 تک برطانیہ اور ویلز کے تین لاکھ افراد کا ڈیٹا پڑھا گیا ہے۔ اعدادوشمار کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی کہ کار چلانے والوں کے مقابلے میں جو لوگ سائیکل چلاتے ہیں ان میں قبل ازوقت موت کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ اسی طرح دل کے امراض کا خدشہ بھی 24 فیصد تک کم دیکھا گیا اور کینسر سے مرنے کی شرح 16 فیصد کم دیکھی گئی ہے۔ یہ تمام فرق سائیکل چلانے یا پیدل چلنے کی اہمیت کو ثابت کرتے ہیں۔

اب اگرکو پیدل چلنے کی عادت ہے تو ایسا نہ کرنے والوں کے مقابلے میں کینسر کی شرح میں سات فیصد اور دل کے امراض سے مرنے کی شرح میں 20 فیصد کمی واقع ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل 2017 میں جامعہ گلاسگو نے 263,000 افراد کا جائزہ لیا تھا اور کہا تھا کہ سائیکل چلانا بہت ہی مفید ہے اور اس کی باقاعدہ عادت کینسر اور امراضِ قلب کو دور رکھتی ہے۔

اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ مصروف شہری زندگی میں سائیکل چلانے کی عادت اپنا کر بہت سے فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں