کراچی: سائٹ لمیٹڈ انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کے سبب ادارے کے ملازمین رواں مالی سال کے آغاز پر تنخواہوں میں ہونے والے 15 فیصد اضافہ سے تاحال محروم ہیں۔
ملازمین کے مطابق مطابق مئی میں پیش کیے جانے والے نئے مالی سال کے بجٹ میں سندھ حکومت کے دیگر اداروں کی طرح وزرات صنعت و تجارت سندھ کے ماتحت ادارے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ (سائٹ) کے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 15 فیصد تک اضافہ ہونا تھا لیکن کئی ماہ کی تنخواہیں آنے کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اب تک نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چند دن بعد ملنے والی اکتوبر کی تنخواہ میں بھی ملازمین کو بڑھنے والی تنخواہ دیے جانے کا کوئی امکان نہیں۔ ملازمین نے کہا ہے کہ اضافہ شدہ رقم کہاں جارہی ہے کچھ پتا نہیں۔
سائٹ کے ملازمین نے اس معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر صنعت و تجارت سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کے واجبات بھی انہیں دلائے جائیں جب کہ اس معاملے میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔