اگلے ماہ فروری میں ویلنٹائن کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم بے بی لیشیئس میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کے پرستار انہیں ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔
تاہم ہر ایک کے ذہن میں ایک ہی سوال گردش کر رہا ہے کہ 8 برس رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے اور پھر طلاق کے بعد ایک ساتھ کام کرنے کے لیے کیسے ہامی بھرلی۔
حال ہی میں اس فلم کا گانا ’منَ رانجھان‘ ریلیز کیا گیا ہے، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے بتایا کہ ’2017 میں یہ گانا پہلی بار سنا تھا، اس وقت تک سائرہ کو فلم کے لئے سائن نہیں کیا گیا تھا‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس وقت تک سائرہ کو اپنا کردار سمجھ نہیں آ رہا تھا، لیکن اس گانے کو سننے کے بعد سائرہ نے فلم کرنے کے لئے ہامی بھری‘۔
دوسری جانب سائرہ یوسف کا کہنا ہے کہ یہ گانا ان کے دل کے بہت قریب ہے کیوں کہ مجھے یاد ہے جب میں چھوٹی تھی تو میں اپنے والد کے ساتھ بہت موسیقی سنتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اکثر پرانے گانے سنتے تھے، مجھے لگتا ہے کہ ہماری موجودہ موسیقی میں اس قسم کی دھن کی کمی پائی جاتی ہے لیکن اس گانے کو سن کر مجھے لگا وہ موسیقی جو کافی عرصے سے ہمارے میوزک سے غائب تھی وہ اس میں ہے۔
واضح رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی شادی اکتوبر 2012 میں ہوئی تھی جو فروری 2020 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ تاہم انہوں نے یہ فلم 2017 میں طلاق سے قبل سائن کی تھی۔
سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری اس سے قبل بھی ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ اسکرین پر کام کر چکے ہیں۔