پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے نیپال میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے والے 13 کھیلوں سے وابستہ ایتھلیٹس میں اب تک پونے 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جاچکی ہے جبکہ عید کے بعد چار کھیلوں سے وابسہ پلیئرز میں مزید 2 کروڑ 17 لاکھ سے زائد رقم تقسیم کی جائے گی۔
ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے 32 گولڈ میڈلز سمیت 133 میڈلز جیتے تھے۔میڈل حاصل کرنے والے ان کھلاڑیوں میں اسپورٹس پالیسی کے تحت انعامات تقسیم کرنے کیلئے پی ایس بی نے 11 کروڑ 15 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا تھا جس میں سے پہلے مرحلے میں مختلف ایتھلیٹس کو پونے 9 کروڑ تقسیم ہوچکے، دوسرے مرحلے میں عید کے بعد دو کروڑ 17 لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کراٹے کے کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ ایک کروڑ 82 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ ایتھلیکٹس کے پلیئرز کو ایک کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپے نقسیم کیے گئے۔
تائی کوانڈو کے پلیئرز کو 97 لاکھ 50 ہزار، اسکواش کھلاڑیوں کو 77 لاکھ 50 ہزار، ہینڈ بال ٹیم کو 75 لاکھ، جوڈو کے کھلاڑیوں میں 65 لاکھ، ویٹ لفٹنگ کو 62 لاکھ 50 ہزار، وشو کو 60 لاکھ جبکہ ریسلرز میں 50 لاکھ روپے تقسیم ہوئے۔
ٹینس ٹیم میں 55 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی گئی، والی بال ٹیم میں 35 لاکھ، بیچ والی بال ٹیم میں 10 لاکھ جبکہ کبڈی ٹیم میں 15 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ باکسنگ، بیڈمنٹن، شوٹنگ اور سوئمنگ کے پلیئرز میں مجموعی طور پر دو کروڑ 17 لاکھ اور 50 ہزار روپے کی انعامی رقم عید کے بعد تقسیم کی جائے گی۔