انسان نے 40 ہزار قبل سینڈل یا جوتے پہننا شروع کیے تھے، جوتے پہننے کے کئی فائدے ہیں جن میں یہ پیروں کی ساخت کو برقرار رکھتے ہیں اور زمین پر چلنے کے دوران کئی خطرات سے بچانے میں مدد دیتے ہیں، مثال کے طور پر تیز دھار یا نوکیلی اشیا، کیڑوں، گرم زمین اور جراثیم سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
تاہم جب انسان ساحل سمندر پر جاتا ہے یا ورزش کرتا ہے تو جوتے اتار لیے جاتے ہیں، کئی لوگ گھاس میں ننگے پاؤں چلنا پسند کرتے ہیں۔
کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ ’ننگے پاؤں چلنا زمین سے تعلق قائم کرنے میں مدد دیتا ہے‘۔
کئی لوگ یہ بھی مانتے ہیں کہ ننگے پاؤں زمین پر چلنے سے تناؤ میں کمی اور بہتر نیند میں مدد مل سکتی ہے۔
امریکی اخبار ’ٹائم میگزین‘ کی رپورٹ کے مطابق نیو یارک میں گوتھم فٹ کیئر کے مالک پوڈیاٹرسٹ ڈاکٹر میگوئل کہتے ہیں کہ قالین والے فرش پر ننگے پاؤں چلنے سے خون کی گردش بڑھ سکتی ہے اور پیروں میں پٹھوں کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
لیکن وہ جم، غسل کے دوران یا گھر سے باہر جانے کے دوران ننگے پاؤں جانے کی حمایت نہیں کرتے۔
ٹیمپل یونیورسٹی اسکول آف پوڈیاٹرک میڈیسن میں پوڈیاٹرک سرجری کے شعبہ میں کلینکل پروفیسر ڈاکٹر جین پونٹیوس کا کہنا ہے کہ ننگے پاؤں چلنے کے دوران سب سے زیادہ خطرے کی بات کسی خطرناک شے پر آپ کا اگلا رکھا ہوا قدم ہے۔
اپنے پورے کیریئر کے دوران ڈاکٹر جین پونٹیوس نے لوگوں کے پاؤں کی سرجری کی ہے جس میں ان کے پاس کئی کیسز آئے جن میں لوگوں کے پاؤں میں شیشہ لگا ہوا تھا، سوئیاں، ساحل سمند خول کے ٹکڑے پائے گئے۔
وہ کہتی ہیں اگر آپ ننگے پاؤں کسی خطرناک چیز پر قدم رکھتے ہیں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
غسل خانے، لاکر روم، پول، ساحل سمندر یا جہاں پانی کی مقدار زیادہ ہو وہاں کئی طرح کے بیکٹریا، فنگس، وائرس پائے جاتے ہیں جو ہمیں نظر نہیں آتے۔
اس پر بات پر عمل کرنے میں آپ کو کچھ دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے لیکن ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ پول میں جانے سے پہلے اور بعد میں ہمیشہ جوتے پہنے رکھیں، اس کے علاوہ جم اور غسل خانے میں بھی جوتے لازمی پہنیں۔
یہ مائیکروآگینزم انفیکشن کا باعث بن سکتے ہیں جو آپ کے پاؤں کی ظاہری شکل کو تبدیل اور بُو پیدا کرسکتے ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں ’جب آپ کسی عوامی مقام پر جاتے ہیں تو اس زمین یا سطح پر آپ کے علاوہ سینکڑوں افراد چلتے ہیں، آپ اس جگہ موجود جراثیم کا اندازہ نہیں ہے‘۔
بعض صورتوں میں ننگے پاؤں چلنے سے پیروں کے ناخن میں فنگس (fungus) بھی پیدا ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے پیروں کے ناخن کا رنگ تبدیل ہوجاتا ہے، جو بعد میں پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔
ڈاکٹر جین پونٹیوس کہتی ہیں کہ طویل وقت تک جوتوں کے بغیر چلنا، بھاگنا آپ کے پیروں کی بائیو مکینکس کو بدتر بنا سکتا ہے، یہی نہیں بلکہ آپ کے پاؤں بنینز یا ہیمر ٹوز (bunions and hammertoes) کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ننگے پاؤں چلنے کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آپ کے پاؤں پر بہت زیادہ دباؤ پڑتا ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ننگے پاؤں چلنا اتنا ہی خطرناک ہے تو کیا گھر میں بھی جوتے پہنے رکھیں؟
اس کا جواب یہ ہے کہ گھر سے باہر جانے کے علاوہ جم جانے، غسل خانے، پول اور دیگر عوامی مقامات پر جانے کے لیے تو جوتے پہننا ضروری ہیں لیکن گھر کے اندر ضرورری ہے کہ آپ جرابیں پہن کر رکھیں۔