زمان پارک کے باہر پولیس سے مزاحمت، آئی جی گلگت بلتستان کا تبادلہ

زمان پارک کے باہر پولیس سے مزاحمت، آئی جی گلگت بلتستان کا تبادلہ


وفاقی حکومت نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) گلگت بلتستان کو تبدیل کردیا، اس سے قبل لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر ان کی گرفتاری کی کوشش کے دوران گلگت بلتستان کے پولیس اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے دو الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں اور محمد سعید کی جگہ گریڈ 20 کے پولیس افسر دار علی خان خٹک کو گلگت بلتستان کا آئی جی تعینات کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بحیثیت آئی جی گلگت بلتستان فرائض انجام دینے والے گریڈ 21 کے پولیس افسر محمد سعید کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ انہیں فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس پر اطلاق فوری ہوگا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 20 کے پولیس افسر دار علی خان خٹک کا تبادلہ کیا گیا اور انہیں سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے تحت گلگت بلتستان کا آ ئی جی تعینات کردیا گیا ہے ۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس پر عمل درآمد فوری اور تاحکم ثانی ہوگا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک میں افراتفری چاہتے ہیں اور وہ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ حکومت ان کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے گرفتار کرنا ہوتا تو ریاستی طاقت اور اختیار موجود تھا جو عمران خان نے اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کیا۔

عدالتی وارنٹ گرفتاری میڈیا کو دکھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا عمران خان کئی مقدمات میں مطلوب ہیں، یہ وارنٹ گرفتاری عدالت نے جاری کیا ہے کہ انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان کی فورس استعمال کرکے پنجاب پولیس اور رینجرز کے سر پھاڑے جا رہے ہیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان حکومت نے 50 کے قریب پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔

ترجمان بلتستان حکومت علی تاج کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے عمران خان کو گرفتاری سے بچنے کے لیے گلگت بلتستان آنے کی تجویز دی تھی لیکن عمران خان نے شکریہ کے ساتھ لاہور میں ہی ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں