چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری شکاری ہیں اور کھلاڑی کا شکار کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کی ایک اورمیڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی، میڈیکل رپورٹ پر ہی آصف علی زرداری کو ضمانت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جج صاحبان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انصاف کیا، ان لوگوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے آصف علی زرداری کی رہائی کے لیے دعائیں کیں۔
نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہمیں روکنا چاہتا ہے، فریال تالپور کے کیس میں نیب ہمیں دباؤ میں لانا چاہتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا زرداری اب باہر آرہے ہیں، ان کا علاج ہو گا، وہ شکاری ہیں اور کھلاڑی کا شکار کریں گے۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا نالائق اور نااہل حکومت نے سیاست اور معیشت کو تباہ حال کر دیا ہے۔
بلاول بھٹو نے ایک بار پھر یہ دعویٰ کیا کہ عمران خان کی حکومت کا یہ آخری سال ہے، میں کسی کے اشارے پر نہیں کہہ رہا بلکہ عوام کی یہی خواہش ہے، اب عوامی امنگوں کے مطابق جمہوری حکومت آئے گی۔