کراچی:
ڈراماسیریل ’’زہے نصیب‘‘ اور ’’بے شرم‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار زاہد احمد نے صباقمر کے ساتھ فلم ڈیبیو کرنے کی تصدیق کی ہے۔ زاہد احمد نے انسٹاگرام پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہاں یہ سچ ہے کہ میں نے اور صبا قمر نے ایک ساتھ فلم سائن کی ہے۔
اپنی پوسٹ میں زاہد احمد نے صبا قمر کو پاکستان کی بہترین اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوبز میں کسی چیز کی گارنٹی نہیں دے سکتے لیکن میں اس فلم کو بہترین بنانے کے لئے بھرپور محنت کروں گا۔ زاہد احمد نے فلم میں اداکار سید جبران کے اہم کردار ادا کرنے کی بھی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ زاہد احمد اور صباقمر کی جوڑی 2016 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ’’بے شرم‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئی تھی۔ صبا قمر نے ڈرامے میں سپر ماڈل اور زاہد احمد کی بیوی کا کردارادا کیا تھا۔ اس جوڑی کو پاکستانی شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیاگیاتھا اور اب یہ جوڑی چھوٹی اسکرین پر داد سمیٹنے کے بعد اپنا جادو بڑی اسکرین پر بکھیرے گی۔
یاد رہے کہ صبا قمر 2017 میں فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کے ساتھ بالی ووڈ ڈیبیو کرچکی ہیں اور یہ ان کی فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ وہ پاکستانی فلم ’’لاہور سے آگے‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔ حال ہی میں صبا قمر نے سرمد کھوسٹ کی فلم ’’کملی‘‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔ دوسری جانب زاہد احمد کی یہ پہلی فلم ہے اس سے قبل انہوں نے صرف ڈراموں میں کام کیا ہے۔