بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی تنازعات کا شکار فلم ’پٹھان‘ کو سنسر شپ کے لیے جمع کروادیا گیا ہے۔
سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن(CBFC) کی چیئرپرسن پرسون جوشی نے ہدایتکار سدھارتھ آنند اور یش راج فلمز کو فلم‘پٹھان‘ کی ریلیز سے قبل اس پر اُٹھنے والے تمام تر اعتراضات کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فلم سرٹیفیکیشن بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں لکھا گیا ہے کہ’فلم پٹھان کا سی بی ایف سی کے مقررہ اصولوں کے مطابق مشاہدہ کیا گیا اور اس کے بعد فلم کے پروڈکشن ہاؤس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گانوں سمیت فلم میں تجویز کردہ تبدیلیوں کو اس کی تھیٹرز میں ریلیز سے قبل یقینی بنائیں اور فلم کے تبدیل شدہ ورژن کو نظر ثانی کے لیے بورڈ کے سامنے پیش کریں۔
بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن ہمیشہ تخلیقی اظہار اور شائقین کی حساسیت کے درمیان صحیح توازن تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ہم ہمیشہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بامعنی بات چیت کے ذریعے حل تلاش کر سکتے ہیں۔
چیئر پرسن پرسون جوشی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت پردرست طریقے سے پیروی اور عمل درآمد ہو رہا ہے، مجھے اس بات کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہماری ثقافت شاندار و پیچیدہ عقائد، اور باریک بینی پر مبنی ہے۔
بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا کہ ثقافت کی تعریف ایسی معمولی باتوں سے نہ ہو جو حقیقت سے توجہ ہٹاتی ہوں اور جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ تخلیق کاروں اور شائقین کے درمیان اعتماد برقرار رہنا سب سے زیادہ ضروری ہے اور تخلیق کاروں کو اس مقصد کے لیے کام کرتے رہنا چاہیئے۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پر مودی کے ہندوتوا بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان جو لباس پہنے نظر آئے ان کے رنگوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسے صحیح کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘ کے ذریعے بڑی اسکرین پر 4 سال بعد واپسی ہو رہی ہے۔