بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک ریلوے اسٹیشن پر گانا گانے والی نادار خاتون کی قسمت بدل گئی اور اب وہ بالی وڈ فلم کیلئے اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔
گزشتہ دنوں کولکتہ کے ریلوے اسٹیشن میں گانا گانے والی ایک نادار خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی میٹھی آواز میں لتا کا گانا ‘ایک پیار کا نغمہ ہے’ گنگنا رہی تھیں۔
ان کی آواز میں گیت کو اس قدر پسند کیا گیا کہ ’رانو مونڈال‘ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔
رانو مونڈال نے بھارتی ٹی وی کے رئیلٹی شو ’سپر اسٹار سنگر‘ میں شرکت کی اور اپنی آواز کا جادو جگایا۔ شو کے جج اور میوزک ڈائریکٹر ہمیشن ریشمیا بھی رانو مونڈال کی آواز سے اس قدر متاثر ہوئے کہ اپنی فلم کیلئے گیت گانے کی پیشکش کردی۔
ہمیش ریشمیا نے رانو مونڈال سے ’تیری میری کہانی‘ گیت گوایا جس کو انہوں نے فلم ’ہیپی ہارڈی اینڈ ہیر‘ میں شامل کرلیا ہے، ان کی یہ فلم 20 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
ہمیش نے رانو مونڈال کے ساتھ گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو بھی جاری کی جسے شائقین نے بے حد سراہا۔
رانو مونڈال کی جو ویڈیو وائرل ہوئی تھی اس میں انہوں نے 1972 کی فلم ‘شور’ کا گانا ‘ایک پیار کا نغمہ ہے’ گایا تھا اور یہ گیت گلوکارہ لتا منگیشکر نے اپنی سُریلی آواز میں گایا تھا لیکن یہ گانا آج بھی جب سنا جاتا ہے تو کانوں میں رس گھول دیتا ہے