نصرت جہاں روحی جلد ہی کولکتہ کے کاروباری نوجوان نکھل جین سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 02 جون2019ء) بھارت کے لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے 17 ویں انتخابات میں ریاست مغربی بنگال سے الیکشن جیتنے والی بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ نصرت جہاں روحی نے منگنی کرلی۔نصرت جہاں روحی نے ریاست مغربی بنگال سے آل انڈیا ترینیمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) کی ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا اور وہ لوک سبھا کی نوجوان ترین رکن بھی ہیں۔نصرت جہاں روحی بنگالی، تامل اور تیلگو سمیت بھارت کی دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں سمیت ہندی زبان میں بننے والے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔نصرت جہاں روحی ٹولی وڈ یعنی تامل، تیلگو، بنگالی اور مراٹھی زبان میں فلمیں بنانے والی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ہیں۔وہ گزشتہ ہفتے انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی مرتبہ 28 مئی کو ساتھی اداکارہ مغربی بنگال سے ہی انتخابات جیتنے والی اداکارہ ممی چکربورتی کے ساتھ لوک سبھا پہنچی تھیں اور دونوں اداکاراؤں نے پارلیمنٹ کے باہر کھچوائی گئی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا