بالی ووڈ کے ہر دلعزیز آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی یاد میں رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر ان کی بہن جذباتی ہوگئیں۔
سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی۔
اس ویڈیو میں اُنہیں اپنے بھائی کے ساتھ گزرے یادگار لمحات کو یاد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’کبھی لگتا ہے کہ تم کہیں نہیں گئے، تم یہیں ہو، کبھی لگتا ہے کہ اب میں تمہیں کبھی دیکھ نہیں پاؤں گی، تم سے کبھی بات نہیں کر پاؤں گی، تمہاری ہنسی، تمہاری آواز کبھی نہیں سن پاؤں گی۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’تمہیں کھونے کا درد چاہے میں کسی کے ساتھ بانٹنا بھی چاہوں تو نہیں بانٹ سکتی کیونکہ یہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور جو چیز دل کے زیادہ قریب ہو اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ مشکل سے ملتے ہیں‘۔
شویتا سنگھ کیرتی نے لکھا کہ ’یہ درد ہر گزرتے دن کے ساتھ گہرا ہوتا جا رہا ہے، یہ درد دنیا کی عارضی نوعیت کو بے نقاب کر رہا ہے اور تسلی صرف ایک خدا کو یاد کرنے سے ملتی ہے لیکن ہم دوسرے جہاں میں بہت جلد ملیں گے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ میں تمہاری کلائی پر راکھی باندھنے کی کوشش کر رہی ہوں اور دعا کر رہی ہوں کہ تم جہاں بھی ہو پُرسکون اور خوش رہو۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔