راولپنڈی: پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں پکڑے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی جانب سے پاکستانی چائے کی تعریفوں کے بعد اب غیر ملکی موسیقار ایڈریئن سینا بھی ملک کے اس ہر دل عزیزی مشروب دیوانے ہوگئے ہیں۔
رومانیہ سے تعلق رکھنےوالے میوزک آرٹسٹ ایڈریئن سینا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرایک مختصر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ نہایت خوشگوار موڈ میں ملاقات کرتے اور پاکستانی چائے کا لطف لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں ابھی نندن کا مشہور جملہ ’’پاکستانی ٹی از فنٹاسٹک‘‘ بھی لکھا۔
واضح رہے کہ رومانیہ کے میوزک بینڈ ایکسنٹ سے تعلق رکھنے والے موسیقار ایڈریئن سینا نے اعلان کیا تھا کہ وہ 24 نومبر کو پنجاب گورنرہاؤس میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ بعد ازاں انہوں نے میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ چائے پینے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہیں چائے کے لیے مدعو کیا۔
ویڈیو میں ایڈریئن سینا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رومیانیہ سے پاکستان آنے اور میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ ملاقات کرنے کا موقع ملا۔
یاد رہے کہ روما نیہ کے مشہور بینڈ اکسینٹ کو 24 نومبر کو لاہور میں پرفارم کرنا تھا اور ان کی پرفارمنس کا انعقاد کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیاتھا تاہم سوشل میڈیا پر ان کنسرٹ پر شدید تنازع کھڑا ہوگیا تھا جس کے باعث کنسرٹ منسوخ کردیا گیاتھا۔ْ