روشن مستقبل کے خواب لیے انڈر 19 کرکٹرز کی روانگی


لاہور: 

روشن مستقبل کے خواب لیے قومی انڈر19کرکٹرز جنوبی افریقہ روانہ ہوگئے، جونیئر ورلڈکپ کی مہم میں پہلا پڑاؤ جوہانسبرگ میں ہوگا۔

آئی سی سی جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے قومی انڈر 19اسکواڈ کی جنوبی افریقہ روانگی جمعے کو ہوئی، کرکٹرز صبح نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے علامہ اقبال ایئر پورٹ روانہ ہوئے،گرین شرٹس طویل مسافت کے بعد جوہانسبرگ میں ڈیرے ڈالیں گے۔

ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کر رہے ہیں، حیدر علی نائب کپتان  جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، محمد شہزاد، محمد حارث، محمد حریرہ،محمد عرفان خان، عباس آفریدی، محمد وسیم جونیئر، فہد منیر، قاسم اکرم ،عامر علی، آرش علی خان، عامر خان اور طاہر حسین شامل ہیں۔ اعجاز احمد ہیڈ کوچ و منیجر جبکہ راؤ افتخار انجم بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ایونٹ 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا، اچھی کارکردگی کرکٹرز کے روشن مستقبل کی راہیں بھی کھولے گی، قومی ٹیم کو ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو کھیلنا ہے۔

روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا کہ انڈر19 ورلڈکپ کیلیے اچھی تیاریاں کی ہیں، جنوبی افریقہ کی پچز پر باؤنس ہوگا لیکن بیٹسمین اوربولرز مشکل کنڈیشنز میں بہترین کارکردگی کیلیے تیار ہیں،وہاں میگا ایونٹ کے آغاز سے 9روز قبل پہنچنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیںگے۔

انھوں نے کہا کہ وارم اپ میچز میں ہمیں ماحول سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں