ماسکو: روس نے کہا ہے کہ اس نے آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز ہائپر سانک میزائل اپنے ہاں نصب کردیے ہیں۔
ان جدید ترین ہائپر سونک میزائلز کا نام ایونگارڈ ہے جو آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز ہیں اور اگر میزائل شکن کے ذریعے انہیں روکنے کی کوشش کی جائے تو یہ راستہ اور بلندی تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور میزائل دفاعی نظاموں کو ناکام بنادیتے ہیں۔
روس کے مطابق ان بین البراعظمی میزائلز کی رینج 6 ہزار کلومیٹر تک ہے اور یہ دو میگا ٹن ایٹمی اسلحہ ساتھ لے جا سکتے ہیں۔ انہیں اورنبرگ کے خطے میں اورال کے پہاڑی سلسلے میں نصب کیا گیا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بتایا کہ ایونگارڈ سسٹم موجودہ اور مستقبل کے تمام میزائل دفاعی نظاموں کو شکست دے سکتا ہے اور ان کے ذریعے روس اس ٹیکنالوجی میں دنیا کے تمام ممالک سے آگے نکل گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور چین کے پاس بھی ہائپرسونک یعنی آواز کی رفتار سے تیز سفر کرنے والے میزائل ہیں۔