روسی صدر کے رواں ماہ دورہ پاکستان کی رپورٹس مسترد

روسی صدر کے رواں ماہ دورہ پاکستان کی رپورٹس مسترد


دفتر خارجہ نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے جولائی میں دورہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بیان میں کہا کہ رواں ماہ روسی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس گردش کر رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ‘سَمٹ کی سطح پر اگرچہ دونوں جانب سے دوروں کی دعوت دی گئی تھی لیکن روسی صدر کا دورہ اب تک شیڈول نہیں ہوا ہے’۔

زاہد حفیظ چوہدری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ہیں اور فریقین ایسا مضبوط کثیرالجہتی تعلق قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، جو نہ صرف ان کے اپنے قومی مفادات کو پورا کرتا ہو بلکہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہو’۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کے دوروں کا تبادلہ پاکستان اور روس کے تعلقات کے فروغ کے لیے اہمیت کے حامل ہے۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ رواں سال اپریل میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا تھا جبکہ گزشتہ سال پاکستان کے وزرائے خارجہ اور دفاع نے روس کا دورہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل سرگئی لاروف کا دورہ اس وقت ہوا تھا جب ماسکو، خطے بالخصوص افغانستان میں اپنا قد اونچا کرنا چاہتا ہے جہاں وہ دو دہائیوں سے جاری جنگ کے پرامن خاتمے کی کوششوں میں خود کو اہم ملک کے طور پر منوانا چاہتا ہے۔

ان کا یہ دو روزہ دورہ نو سالوں میں کسی بھی روسی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ اور پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینے کا حصہ تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں