روزانہ صرف 5 ہزار قدم چلنے سے انسان صحت مند رہتا ہے، تحقیق میں دعویٰ

روزانہ صرف 5 ہزار قدم چلنے سے انسان صحت مند رہتا ہے، تحقیق میں دعویٰ


طویل عرصے سے محققین کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا رہا کہ دن میں 10 ہزار قدم چلنے سے انسان صحت مند رہتا ہے تاہم اب نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فٹ رہنے کے لیے کم از کم 5 ہزار قدم چلنا کافی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے 2 لاکھ 26 ہزار لوگوں پر تحقیق کی گئی جس سے معلوم ہوا کہ کم از کم 4 ہزار قدم چلنے سے انسان فٹ اور صحت مند رہتا ہے۔

اس کے علاوہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ روزانہ 2 ہزار 300 قدم چلنا دل اور خون کی نالی کے لیے فائدہ مند ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ قدم چلیں گے اتنا زیادہ صحت مند رہیں گے۔

پولینڈ کی میڈیکل یونیورسٹی آف لوڈز اور امریکا کی جونز ہاپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی ٹیم مذکورہ تحقیق میں شامل تھی جس میں محققین نے چلنے کے فوائد اور اس کے جسمانی صحت پر اثرات کے حوالے سے تجزیہ کیا۔

لوڈز یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر میکیج بانچ نے کہا کہ اگرچہ طبی علاج کے لیے جدید ادویات موجود ہیں، لیکن ان ادویات پر مکمل انحصار کرنا ہی صحت کے مسائل کو حل کرنے کا واحد حل نہیں ہے۔

فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہمیں ہمیشہ اس بات پر زور دینا چاہیے کہ خوراک اور ورزش سمیت دیگر طرز زندگی میں تبدیلیاں لا کر امراض قلب کے خطرے میں کمی لاسکتے ہیں۔

وہ تجویز کرتے ہے کہ طرز زندگی میں یہ تبدیلیاں پیدا کرکے ہم ادویات کے استعمال میں کچھ حد تک کمی لا سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جسمانی سرگرمی نہ کرنے سے ہر سال 32 لاکھ اموات رپورٹ ہوتی ہیں۔

فٹنس ٹرینر ہنی فائن کہتے ہیں کہ صحت کے مسائل اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب ہم ایک دن میں بہت زیادہ وقت بیٹھے رہتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’زیادہ دیر بیٹھے رہنے سے جسم کا میٹابولزم سست ہوسکتا ہے اور پٹھوں کی نشوونما اور طاقت کو متاثر کر سکتا ہے، جو درد کا باعث بن سکتا ہے۔

’زیادہ دیر تک بیٹھنا کمر کے ہر طرح کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے، جو لوگ دفتر جاتےہیں انہیں اس مسئلے کا زیادہ سامنا رہتا ہے، زیادہ دیر بیٹھے رہنے سے کمر پر مسلسل دباؤ رہتا ہے جو بعد میں زندگی میں بہت زیادہ مسائل کا باعث بنتی ہے۔‘

انہوں نے جسمانی ورزش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ’وقتاًفوقتاً کھڑے ہوتے رہنا، خریدار کے لیے باہر جانا، فرش دھونا، گھر کے کام کاج کرنے سے جسم فعال رہتا ہے اور کیلوریز بھی کم ہوتی رہتی ہیں۔

قبل ازیں امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ 9 ہزار قدم چلنا دماغ کو عمر کے ساتھ آنے والی تنزلی اور دماغی ٹشوز کو الزائمر امراض سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد زیادہ چلنے کے عادی ہوتے ہیں ان کے دماغی تنزلی کا عمل سست ہوجاتا ہے۔

اس سے قبل لیمرک یونیورسٹی اور ٹرینیٹی کالج ڈبلن کی 2017 کی تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ ہفتے میں پانچ دن روزانہ 20 منٹ ورزش کرنے سے ڈپریشن سمیت ذیابیطس، دل کی بیماری میں کمی لائی جاسکتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں