روزانہ سیب کھائیں، ڈاکٹر دور بھگائیں، مگر کیسے؟

روزانہ سیب کھائیں، ڈاکٹر دور بھگائیں، مگر کیسے؟


مشہور زمانہ کہاوت ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانا آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے ، اگر آپ بھی اس پھل کی افادیت کو جان لیں گے تو یقیناً یہ ہی کہیں گے کہ یہ کہاوت بالکل درست ہے۔

سیب فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور ہوتا ہے۔ سیب کھانے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے، ذیابیطس، دل کی بیماری اور کینسر سمیت کئی دائمی خطرناک بیماریوں سے بھی بچاؤ ممکن ہے۔

اگر وزن کم کرنے کے خواہاں ہیں تو سیب سے بہتر کچھ نہیں، سیب میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لیے اسے کھانے کے بعد بھوک کا احساس کم ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ چند دیگر درج ذیل فوائد جان کر آپ بھی روزانہ سیب کھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

امراض قلب سے تحفظ فراہم کرتا ہے

سیب کا استعمال ہمیشہ اس کے چھلکے کے ساتھ کیا جائے، کیونکہ یہ فائبر، پولیفینول سے بھرپور ہوتے ہیں، اس کے علاوہ سیب ایک بہترین اینٹی آکسیڈینٹ بھی ہے اور یہ ہی خاصیت اسے دل کے لیے صحت مند بناتی ہے۔

یہ دل اور اس سے منسلک مختلف بیماریاں خصوصاً ایتھروسکلروسیس، ہارٹ اٹیک اور فالج کے مسائل پیدا ہونے سے بچاتا ہے۔ چونکہ عمر کے ساتھ ساتھ دل کے مسائل پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لیے بہتر صحت کے لیے اپنی غذا میں سیب کو شامل کریں۔

مفید بیکٹریاز کی نشونما کرکے نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے

سیب میں موجود فائبر کی ایک قسم پیسٹین ہے جو پروبائیوٹک کا کام کرتی ہے، یعنی معدے میں موجود مفید بیکٹیریا کی غذائی ضروریات کو پورا کرکے ان کی نشونما کو تیز کرتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر یہی وجہ ہے کہ سیب کا استعمال موٹاپے، ذیابیطس ٹائپ 2 اور امراض قلب سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔

وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے

جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے کہ سیب فائبر اور پانی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے، جو وزن میں کمی کا سبب بنتا ہے۔ اگر آپ کھانے سے قبل سیب کھاتے ہیں، تو آپ کا دیر تک پیٹ بھرا رہے گا، بھوک کم لگے گی اور وزن میں کم آئے گی۔

ذیابیطس سے بچاؤ کیلئے مفید

مختلف تحقیقاتی رپورٹس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ روزانہ کی بنیاد پر سیب اور ناشپاتیہ کھاتے ہیں ان میں ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 36 فیصد کم ہوتا ہے جو سیب نہیں کھاتے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ سیب میں موجود پولی فینولز لبلبے میں موجود بیٹا خلیات کے ٹشوز کو نقصان پہنچنے سے بچاسکیں، یہ بیٹا خلیات جسم کے لیے انسولین بناتے ہیں اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار افراد میں ان خلیات کو نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ ممکن ہے

چونکہ سیب میں موجود فائٹونیوٹرینٹس میں بہت سے اینٹی آکسیڈینٹس اور اینٹی سوزش خصوصیات پائی جاتی ہیں جو کینسر کی نشوونما کو روکنے کے لیے کافی ہوتی ہیں۔

اسی طرح خواتین پر ہونے والی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیب کا استعمال چھاتی کے کینسر کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ سیب میں موجود فائبر آپ کے نظام انہضام کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے جس سے آپ کو بڑی آنت کا کینسر ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

مزید برآں سیب ان چند پھلوں میں سے ایک ہے جو پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کو کم کرتا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ مختلف مطالعات نے باقاعدگی سے سیب کھانے کا مشورہ دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں