اسلام آباد: ملک بھر سے تنخواہ دار سمیت دیگر طبقے کی جانب سے جمع کرائے گئے ٹیکس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے6 ماہ میں تنخواہ دارطبقے نے 158 ارب روپے ٹیکس دیا جو برآمد کنندگان کی نسبت 248 فیصد زیادہ ٹیکس ہے جب کہ رواں مالی سال پہلے 6 ماہ میں تنخواہ دارطبقے نے گزشتہ سال کی نسبت 38 فیصد زیادہ ٹیکس ادا کیا، رواں سال تنخواہ دارطبقے سے 300 ارب روپے ٹیکس اکٹھا ہونےکا امکان ہے۔
ایف بی آر کا بتانا ہےکہ رواں مالی سال پہلے 6 ماہ میں سب سے زیادہ ٹیکس228 ارب روپے ٹھیکداروں نے ادا کیا اور ٹھیکیداروں کی طرف سے ادا کیا گیا ٹیکس گزشتہ سال کی نسبت 31 فیصد زیادہ ہے۔
ایف بی آر کے مطابق بینکو ں میں کھاتہ دار زیادہ ٹیکس ادائیگی میں دوسرے نمبر پر رہے اور 6 ماہ کے دوران زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں درآمد کنندگان کا تیسرا نمبر رہا، رواں مالی سال پہلے 6 ماہ میں 57 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس سے حاصل ہوا جب کہ گزشتہ 6 ماہ میں تنخواہ دار طبقے نے دکانداروں اوربرآمد کنندگان کی نسبت 200 فیصد زیادہ ٹیکس ادا کیا۔
ایف بی آر کا کہنا ہےکہ جولائی سے دسمبر برآمد کنندگان نے ایک فیصد کی شرح سے صرف 46ارب ٹیکس ادا کیا، گزشتہ 6 ماہ میں برآمد کنندگان نے 15 ارب ڈالر کمائے، گزشتہ 6 ماہ میں درآمد کنندگان نے 189 ارب روپے ٹیکس ادا کیا۔
ایف بی آر کے مطابق سندھ سے تنخواہ داروں نے 66 ارب ٹیکس ادا کیا جس میں سے صرف کراچی کے تنخواہ داروں نے57 ارب روپے ٹیکس ادا کیا، پنجاب سے تنخواہ داروں نے 59.4 ارب روپے ٹیکس دیا جس میں 33 ارب صرف لاہور سے اکٹھا ہوا جب کہ اسلام آباد سے 19، بلوچستان سے 4.2 ارب اورکے پی سے تنخواہ داروں نے9 ارب روپے ٹیکس دیا۔