رواں مالی سال وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 233 ارب 40 کروڑ روپے جاری ہوئے


اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی نے 18 جنوری تک ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کی تفصیلات جاری کردیں۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق رواں مالی سال وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 233 ارب 40کروڑ روپے جاری ہوئے، اعلیٰ تعلیم کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 11 ارب 80کروڑ، وزارت مواصلات کو 4 ارب 59 کروڑ اور دفاعی پیداوار ڈویژن کو منصوبوں کے لیے ایک ارب 9 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔

اس کےعلاوہ وزارت خزانہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب 37کروڑ، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے ایک ارب 88 کروڑ ، داخلہ ڈویژن کو ترقیاتی بجٹ کی مد میں 4 ارب 39کروڑ جب کہ میری ٹائم افیئرز ڈویژن کو 87 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ہیلتھ سروسز ڈویژن کے لیے 2 ارب 21کروڑ، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو بجلی منصوبوں کے لیے 10 ارب 18 کروڑ، وزارت منصوبہ بندی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب 90کروڑ، ریلوے کے لیے 8 ارب 7 کروڑ اور وزارت سیفران کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 ارب 17 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ جاری کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں